وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دو گھنٹے کا طویل دورہ کیا اور کاونٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا ۔ وزارت داخلہ کے مطابق اس دوران وزیرداخلہ محسن نقوی بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے ملے اور امیگریشن پراسیس کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب جانے والے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات چیک کیں وزیرداخلہ نے ایف آئی اے حکام سے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات کی تصدیق بھی کرائی۔اسا دوران بعض مسافر سوالات کے درست جواب دینے سے قاصر رہے اور اپنی ملازمت کے بارے بھی صحیح معلومات نہ دے سکے ۔ وزیرداخلہ نے نامکمل دستاویزات کے حامل 3 مسافروں کو روکنے والے ایف آئی اے کے اے ایس آئی عامر لاشاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ عامر لاشاری نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایسے باصلاحیت ایف آئی اے ملازمین ہمارا سرمایہ ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے زیادہ عزیز ہے، جس پر کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درست دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے نہ روکا گیا ہے اور نہ روکا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے وقار کو بلند اور مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی بھی اس موقع پر موجود تھے۔