آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا اہلیہ کے ہمراہ سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد سنٹر کا دورہ، تھیلیسیمیا تشخیصی ٹیسٹ کروایا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد سنٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا کی تشخیص کے لیے الیکٹروفوریسس (Electrophoresis) ٹیسٹ بھی کروایا۔ اس موقع پر سفیرِ آذربائیجان نے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کے لیے سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور فلاحی خدمات کو سراہا ، دورے کے دوران ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد، ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) آفتاب حسین نے آذربائیجان کے سفیر کو تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کے علاج، مفت خون کی فراہمی، جدید تشخیصی سہولیات بالخصوص تھیلیسیمیا الیکٹروفوریسس ٹیسٹ اور آگاہی مہمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) آفتاب حسین نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن گزشتہ کئی دہائیوں سے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کو بلا معاوضہ علاج، خون اور تشخیصی سہولیات فراہم کر رہی ہےجبکہ تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے کیرئیر اسکریننگ کو فروغ دینا فاؤنڈیشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن پاکستان کو تھیلیسمیا فری بنانے کے مشن کے تحت تھیلیسمیا کا ٹیسٹ مفت کرتی ہے اور اس کیلئے خصوصی آگاہی مہمات بھی چلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سفارتی شخصیات کی جانب سے اس عمل میں شرکت ایک مثبت پیغام ہے جو عوام میں آگاہی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان میں بلکہ خطے میں انسانی خدمت کی ایک قابلِ تقلید مثال ہے اور اس کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کو امید اور سہارا مل رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان فلاحی اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے آخر میں سفیرِ آذربائیجان نے سندس فاؤنڈیشن کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس نیک مشن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔