وزیر داخلہ محسن نقوی کی دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت، یو اے ای اور روانڈا کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں ، اے سی سی ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے یو اے ای اور روانڈا کے ہم منصبوں سے اہم ملاقاتیں کیں اور اے سی سی ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا۔ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زید النہیان سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک یو اے ای دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے جدید پولیسنگ نظام سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایکسچینج پروگرامز انتہائی سود مند ثابت ہوں گے۔ ملاقات میں آن لائن دہشت گردی اور ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام کے لیے ایک جامع اور مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے روانڈا کے ہم منصب ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے وزارتوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے فوری طور پر فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا نے پاکستانی اداروں کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ بطور چیئرمین اے سی سی محسن نقوی نے ادارے کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور وہاں کے امور کا جائزہ لیا۔ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں دنیا بھر کے قائدین اور بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی جہاں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے عالمی چیلنجز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔