وزیراعظم کی ہدایات پر فلسطین کے لیے 28ویں انسانی ریلیف قافلے کا روانہ، مجموعی امداد 2,727 ٹن تک پہنچ گئی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم کے خصوصی ہدایات پر پاکستان کے قومی ادارہ برائے ہنگامی صورتحال (NDMA) نے فلسطین کے عوام کے لیے اضافی انسانی ہمدردی کا قافلہ روانہ کیا ہے۔ 28ویں ریلیف قافلے میں 100 ٹن خیمے شامل ہیں، جو الخدمت فاؤنڈیشن کی معاونت سے بھیجا گیا ہے۔ ریلیف سامان کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے مصر کے شہر العریش بھیجا گیا تاکہ وہاں سے اسے غزہ پہنچایا جا سکے۔

اس تازہ ترین قافلے کے بعد فلسطین کو بھیجے جانے والے 28 قافلوں کے ذریعے مجموعی انسانی ہمدردی کا حجم 2,727 ٹن تک پہنچ گیا ہے۔ روانگی کی تقریب میں وزیر ہاؤسنگ پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی میاں بلال یاسین بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں NDMA، وزارت خارجہ کے سینئر اہلکاروں کے ساتھ حکومت کے مختلف محکموں اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی موجود تھے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔