اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین سینیٹ پاکستان کی مشیر مصباح کھر نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا تھا۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے، پارلیمانی روابط کے استحکام، تجارتی تعلقات کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصباح کھر جو انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کی سیکرٹری بھی ہیں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے حالیہ غیر ملکی دوروں اور خصوصاً متحدہ عرب امارات میں ہونے والی اہم ملاقاتوں سے سفیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے میں ان روابط کی اہمیت پر زور دیا۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مصباح کھر کو مبارکباد دی اور چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے پارلیمانی قیادت کے مابین مکالمے اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔مصباح کھر نے سفیر کو آئندہ منعقد ہونے والی انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا اور اسے باہمی مفاہمت، قانون سازی میں تعاون اور کثیرالجہتی روابط کے فروغ کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم قرار دیا ملاقات کے اختتام پر دونوں اطراف سے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی مکالمے اور معاشی تعاون میں مزید وسعت سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور آئندہ برسوں میں شراکت داری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

