جمہوریہ وسطی افریقا کے انتخابات کا خیرمقدم، استحکام کے لیے مسلسل عالمی تعاون ناگزیر:.پاکستان

اقوام متحدہ (ویب ڈیسک )پاکستان نے جمہوریہ وسطی افریقا کے دسمبر 2025ءمیں منعقد ہونے والے صدارتی، پارلیمانی، علاقائی اور بلدیاتی انتخابات کا خیرمقدم کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حالیہ برسوں میں حاصل ہونے والی پیشرفت بدستور نازک ہے اور اسے مستحکم بنانے کے لیے مسلسل بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کےنائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل میں جمہوریہ وسطی افریقا کی صورتِ حال بارے مباحثے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریہ وسطی افریقا کے یہ انتخابات اقوام متحدہ کے کثیر جہتی مربوط استحکام مشن(ایم آئی این یو ایس سی اے ) کی لاجسٹک، تکنیکی اور سکیورٹی معاونت سے منعقد ہوئے جو اس امر کا ثبوت ہے کہ مشن سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور استحکام کے ضامن کے طور پر بدستور اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے 2019 کے امن معاہدے پر عمل درآمد ، مسلح گروہوں کی تحلیل اور ڈی ڈی آر (اسلحہ تلفی، غیر فوجی کاری اور بحالی)پروگرام میں پیشرفت کا خیرمقدم کیا، تاہم مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں میں بدامنی، باقی ماندہ مسلح عناصر کی موجودگی اور سوڈان سے اثرات کے پھیلاؤ کو تشویش ناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی دفاع اور داخلی سکیورٹی اداروں کو مضبوط بنانا، ریاستی عملداری کو وسعت دینا اور انصاف و مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانا دیرپا استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایم آئی این یو ایس سی اے سلامتی کونسل کی ایک کامیاب مثال ہے، تاہم پاکستان کو بلاامتیاز مالی کٹوتیوں پر تشویش ہے جو امن مشنز اور کونسل کے بنیادی مینڈیٹ کو متاثر کر سکتی ہیں۔

ٕانہوں نے نشاندہی کی کہ فوجی دستے فراہم کرنے والے ممالک کو 30 ستمبر 2025 سے اہلکاروں کے اخراجات اور 31 دسمبر 2024 سے سازوسامان کی مد میں ادائیگیاں موصول نہیں ہوئیں، اس صورتحال میں فوجی دستے فراہم کرنے والے ممالک نہ صرف انسانی وسائل اور قربانیاں دے رہے ہیں بلکہ مالی بوجھ بھی برداشت کر رہے ہیں جبکہ مینڈیٹ کی تشکیل یا تبدیلی کے عمل میں ان کی شمولیت محدود ہے پاکستان نے جمہوریہ وسطی افریقا کی قومی ترجیحات سے ہم آہنگ شرائط پر مبنی منتقلی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دہائی میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ ان کی واپسی کا خطرہ نہ ہو۔ جمہوریہ وسطی افریقا کی خودمختاری اور ایم آئی این یو ایس سی اے کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان شراکت داروں کے ساتھ مل کر وہاں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔