علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں ’’سرسبز پاکستان منصوبہ 2026‘‘ کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) لامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ”سرسبز پاکستان منصوبے“ کے تحت اپنے ریجنل دفاتر کے ذریعے ملک بھر میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے گزشتہ روز شجرکاری مہم 2026 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملک میں ماحول کی بہتری اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے نہایت اہم ہے.

یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 1 کے ساتھ واقع پارکنگ ایریا میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن پروفیسر ڈاکٹر سید محمد عامر شاہ، رجسٹرار راجہ عمر یونس، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل آفس ڈاکٹر زاہد مجید، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ارشد منظور، کنٹرولر امتحانات محمد زاہد اختر خاکی سمیت دیگر اساتذہ اور پرنسپل افسران نے پودے لگا کر سال 2026 کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ پودے لگانا ملکی ترقی اور ماحول کے تحفظ کے لئے نہایت ضروری ہے اور یونیورسٹی اس مقصد کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا سب سے زیادہ خطرہ ہمارے ملک کو لاحق ہے اور پاکستان کے نوجوان شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے کر ملک کو اس خطرے سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اور دیگر شرکاء نے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعا بھی کی۔قبل ازیں آرٹیکلچر آفیسر وجیح الحسن نے وائس چانسلر کو شجرکاری مہم 2026 کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر سال دونوں موسموں میں مین کیمپس میں 200 پودے لگائے جاتے ہیں۔ اس سال سایہ دار پودوں کے ساتھ ساتھ پھولدار پودے بھی لگائے جا رہے ہیں تاکہ کیمپس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔