امریکہ نے ایران کے 200 اہداف پر حملے کا دعویٰ، پاسداران انقلاب نے تل ابیب پر راکٹ حملہ

واشنگٹن(ویب ڈیسک ) امریکا نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ایران کے 200 اہداف پر حملے کر کے بیلسٹک میزائل کے ذخیرے اور 30 سے زائد بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے امریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹ کام) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر نے ایران پر حملوں سےمتعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی ٹو بمبار طیاروں نے درجنوں بنکر بسٹر بموں سے گہرائی میں دفن بیلسٹک میزائل لانچرز تباہ کر دیے ہیں۔سینٹ کام کمانڈر نے کہا کہ پہلے دن کے بعد سے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں میں 90 فیصد کمی آئی ہے، آپریشن کے اگلے مرحلے میں ایران کی میزائل پیداوار کی صلاحیت کو تباہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائل سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر حملہ کر دیا، اور اسرائیل کے خلاف حملے آخر تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ، سعودی وزارت دفاع کے مطابق پرنس سلطان ایئر بیسں کی طرف داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے گئے ہیں، سعودی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی سے یہ بیلسٹک میزائل تباہ کیے گئے ، اسرائیلی فوج کے مطابق داحیہ میں حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ لبنانی سرکاری میڈیا نے بھی بیروت پر اسرائیلی حملے کی تصدیق کی ہے۔

حملے سے قبل علاقے کے رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی، لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 123 ہوگئی جبکہ 683 افراد زخمی ہوئے ، اپنے ایک بیان میں حوثی رہنما عبد الملک الحوثی نے خبردار کیا کہ امریکا و اسرائیل کیخلاف جنگ میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں، صورتحال کے مطابق فوری ردعمل دیں گے۔