تنازعے کے پرامن حل سے خطے میں اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود

اسلام آباد (کامرس رپورٹر )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں کی بھرپور تعریف کی ہے اور انہیں عالمی منڈیوں کے استحکام، علاقائی تجارت کے تحفظ اور مزید معاشی خلل کو روکنے کے لیے اہم قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کی سول ـ ملٹری قیادت کی تعریف کی جو متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ جاری تنازعہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے، بین الاقوامی تجارتی راستوں میں خلل ڈالنے اور دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافے کے ذریعے عالمی معیشتوں کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بروقت سفارتی مداخلت نہ صرف علاقائی امن بلکہ اقتصادی استحکام کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں طویل تناؤ پاکستان کی برآمدات، ترسیلات زر اور اہم منڈیوں کے ساتھ تجارتی روابط کو منفی طور پر متاثر کر سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں اس کے ذمہ دارانہ کردار کی عکاس ہیں۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے بھی حکومت کی سفارتی مصروفیات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کا براہ راست تعلق عالمی اقتصادی استحکام سے ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے سے توانائی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، سپلائی چین کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی ، اس موقع پر آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا تعمیری سفارتی انداز علاقائی امن اور اقتصادی تعاون کے لیے اس کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں استحکام پاکستان کی بیرون ملک مقیم افرادی قوت کے مفادات کے تحفظ اور اہم علاقائی راستوں سے بلا تعطل تجارت کو یقینی بنانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

آئی سی سی آئی کی قیادت نے حکومت کے سفارتی اقدامات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ بات چیت اور ثالثی جاری رہنے سے تنازع کا پرامن حل نکلے گا، جس سے خطے میں اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوگی.