پاکستان اور ناروے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کا معاہدہ، کلائمیٹ سمارٹ زراعت اور صاف توانائی کو فروغ دینے کا عزم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان اور ناروے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے زیرِ اہتمام تقریب میں پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے شراکت داری کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان میں کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر اور صاف توانائی کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ملک کی کاربن مارکیٹ کو عالمی سطح پر تقویت ملے گی بلکہ گرین اکانومی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ویسٹ مینجمنٹ، زراعت، ٹرانسپورٹ اور توانائی جیسے اہم شعبوں میں پائیدار ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ تقریب میں شریک ناروے کے سفیر نے معاہدے کو دوطرفہ ماحولیاتی تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناروے، پاکستان کے ساتھ ماحولیاتی اہداف کے حصول میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری برابری، شفافیت اور باہمی اعتماد کے اصولوں پر قائم ہے، اس کا بنیادی مقصد نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور گرین گروتھ کو تیز کرنا ہے۔