اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے ممکنہ علاقائی جنگ کے خطرے کے ٹلنے کو پاکستان کے لیے خوشی،اعزاز اور وقار کا تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے اسے قیادت کی موثر حکمت عملی اور اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت پر عالمی اعتماد قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے عوام،حکومت اور مسلح افواج کو اپنی نعمتوں سے نوازا ہے جس کے باعث ایک ایسا خطرہ ٹل گیا جو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا تھا۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف،چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور حکمت عملی نے تمام فریقوں کا اعتماد حاصل کیا جس کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوئی اور مذاکرات کا آغاز ہوا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کی قیادت پر عالمی اعتماد قوم کے لیے باعث فخر ہے،امریکا و ایران سمیت دیگر ممالک کی جانب سے اعتماد کے اظہار نے سفارتی عمل کو مزید مضبوط بنایا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عارضی جنگ بندی مستقل امن میں تبدیل ہوگی۔انھوں نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے بالخصوص علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ خصوصی دعائیں کی جائیں تاکہ مذاکرات کامیاب ہوں اور خطے سمیت پوری دنیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

