لاہور(بیورو رپورٹ )روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت لاہور سے پہلی حج پرواز 345 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔ سعودی ایئرلائن کی پرواز SV5735 دن ساڑھے دس بجے روانہ ہوئی اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیراپا نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
روانگی سے قبل سعودی وفد بھی لاہور ایئرپورٹ پہنچا، جہاں ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ان کا استقبال کیا۔ وفد میں سعودی وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، سول ایوی ایشن، روٹ مکہ پراجیکٹ اور وزارت اطلاعات و میڈیا کے اعلیٰ افسران شامل تھے عازمین حج کی سہولت اور رہنمائی کے لیے وزارت مذہبی امور کا عملہ لاہور ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے تعینات رہا۔ حکام کے مطابق سعودی وفد اس تاریخی حج پرواز کی روانگی کے موقع پر خصوصی طور پر شریک ہوا تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بہترین سہولیات کی فراہمی پر خادم الحرمین الشریفین، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو خراج تحسین پیش کیا لاہور سے روانہ ہونے والے عازمین حج نے حکومت پاکستان اور حج انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

