اسلام آباد( سپیشل رپورٹر) جموں کشمیر ہائوسنگ سوسائٹی میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے مقدمہ میں عدالت سے بری ہونے والے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت سے ریمانڈ حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کے آفیسر اور ماتحت ملازمین نے جموں کشمیر ہائوسنگ سوسائٹی کو شاملاتی زمین دینے کے مقدمہ نمبر 13/25 میں سوسائٹی کے عہدیدار سردار سبیل نے ملزمان لطیف قریشی‘ راجہ مقصود اور اس کے مبینہ قریبی ساتھی جس کے بارے میں ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ عمران اس کا ڈرائیور سمیت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت میں چالان پیش ہوا بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد ملزمان کو مقدمہ سے بری کردیا۔ عدالت میں مدعی مقدمہ سردار سبیل نے بیان دیا کہ ان کا راضی نامہ ہوگیا ہے جس پر عدالت نے عمران اور جموں کشمیر سوسائٹی کے ممبر ایگزیکٹو راجہ مقصود کو مقدمہ سے پانچ ماہ قبل بری کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے نئے آفیسر زوہیب کے احکامات پر ایف آئی اے نے عمران کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا اور عدالت پیش کرکے اس کا ریمانڈ بھی لے لیا۔
جب ملزم کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت میں کاغذات پیش کئے کہ اس مقدمہ پر عدالتی حکم پر عمران بری ہوچکا ہے جس پر عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی سخت سرزنش کی اور کہا کہ تم نے عمران کو کیوں گرفتار کیا۔ جس پر ایف آئی اے نے عدالت میں بیان دیا کہ یہ ہمارے مقدمہ میں اشتہاری تھا اس لئے۔ تاہم عدالت نے ملزم کو چھوڑنے کے احکامات جاری کردیئے۔ کیپیٹل نیوز پوائنٹ نے ایف آئی اے کے اے ڈی زوہیب سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس عمران اشتہاری تھا ہمیں پتہ نہیں کہ وہ مقدمہ سے بری ہوچکا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے جموں کشمیر سوسائٹی کے ممبر ایگزیکٹو راجہ مقصود کے خلاف منی لانڈرنگ کی انکوائری چل رہی ہے مقدمہ نمبر 13/25 میں ملزمان کے خلاف شاملاتی زمین فروخت کرکے 39پلاٹ لینے کے الزام میں سردار سبیل نے مقدمہ درج کروایا تھا۔

