اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد میں اہم غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کو انتہائی سخت کرتے ہوئے ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا، جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں داخل ہونے والی ہیوی ٹریفک پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں میں اسلام آباد کا رخ کرنے سے گریز کریں تاکہ غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے، شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔ جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشیوں کو راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اسی طرح زیرو پوائنٹ سے کورال چوک کی بندش کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو، اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑا جائے گا، انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔

