نیوٹیک اور جاز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، جدت اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کا ایک وفد، جس کی قیادت پرو ریکٹر نورک (NORIC) نے کی، پاکستان موبائل کمیونیکیشنز لمیٹڈ (Jazz) کے دورے پر گیا جہاں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

اس مفاہمتی یادداشت کے تحت جدت، اطلاقی تحقیق اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں صنعتی مسابقت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ نیوٹیک اپنی جدید تخلیقی سوچ، طلبہ کے منصوبے اور تحقیقی نتائج فراہم کرے گا، جبکہ جاز اسٹارٹ اپس اور جدت پر کام کرنے والی ٹیموں کو رہنمائی، تکنیکی معاونت اور مارکیٹ سے متعلق بصیرت فراہم کرے گا۔ دونوں ادارے صنعت سے متعلق تحقیقی سرگرمیوں، سیمینارز، ورکشاپس اور ٹیکنالوجی پر مبنی پروگرامز میں مشترکہ طور پر حصہ لیں گے۔ اس شراکت داری میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس جیسے جدید شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت، سرٹیفیکیشنز اور افرادی قوت کی مہارتوں میں اضافہ بھی شامل ہے۔

یہ اشتراک پاکستان میں ٹیکنالوجی، جدت اور انسانی وسائل کی ترقی کے فروغ کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔