ایف آئی اے کی کارروائی، 72کروڑ روپے کے جعلی بینک گارنٹی کیس میں چار گرفتار، مرکزی ملزمان فرار

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر)کروڑوں روپے مالیت کی جعلی بینک گارنٹی کے مقدمہ میں ایف آئی اے نے چھاپے مار کر چار ملزمان کو گرفتار کرکے جیل روانہ کردیا اصل ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن اتھارٹی کے پارک روڈ پراجیکٹ میں 72کروڑ روپے کی جعلی بینک گارنٹی کے مقدمہ میں ڈائریکٹر فنانس کاشف پراجیکٹ ڈائریکٹر شیخ فرید‘ افضل جاوید سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا .

ایف آئی اے نے سابق فنانس ڈائریکٹر کاشف‘ افضل جاوید سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا عدالت پیش کرکے ریمانڈ لیا گیا تاہم عدالت نے ملزمان کو جیل روانہ کردیا۔ دوسری جانب ایف آئی اے کی تفتیش اس قدر ناقص تھی کہ ابھی تک ایف آئی اے اصل ملزمان جن میں پراجیکٹ ڈائریکٹر شیخ فرید ٹھیکیدار بلوچ اور بینک مینجر سمیت دیگر ملزمان کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت کروائی مگر ملزمان ایف آئی اے کو جل دے کر فرار ہوگئے یاد رہے کہ اس مقدمہ میں مرکزی چھ ملزمان کی ضمانت کینسل ہوئی جبکہ ایف آئی اے چار گرفتار کرسکی ہے۔