railway ministry pakistan capitalnewspoint.com

وزیر ریلوے کا یومِ آزادی صحافت پر آزاد صحافت کو جمہوریت کی بنیاد قرار دینے کا بیان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے ریلوے نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد صحافت معاشرے کی آنکھ اور ضمیر کی آواز ہے انہوں نے کہا کہ سچ بولنے والے صحافی جمہوریت کے اصل محافظ ہیں اور جھوٹی معلومات قوموں کو تقسیم کرتی ہیں جبکہ ذمہ دار صحافت انہیں جوڑنے کا کام کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سچ لکھنے والا قلم عوام کی امید بن جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ صحافیوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ ایک بنیادی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار قوم کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لانا ہے اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ ہی عوامی اعتماد کی بنیاد رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے ریلوےنے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں سچ اور جھوٹ کے درمیان فرق کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، تاہم میڈیا کو سنجیدگی، دیانت داری اور قومی ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید صحافیوں کی قربانیاں ہمیں سچ پر قائم رہنے کا حوصلہ دیتی ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد اور مضبوط بیانیہ صرف سچ پر مبنی صحافت کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور عوام کا بنیادی حق ہے کہ انہیں درست اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔