پاکستان سے حج پروازوں کے ذریعے ہزاروں عازمین سعودی عرب روانہ، سہولیات کی فراہمی جاری

لاہور (بیورو رپورٹ )پاکستان سے حج پروازوں کے ذریعے عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 126 پروازوں کے ذریعے 32 ہزار 454 سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ 4 ہزار 489 پرائیویٹ عازمین بھی مقدس سرزمین پہنچ گئے ہیں۔

حج حکام کا کہنا ہے کہ 4 مئی سے جدہ کے لیے براہ راست حج پروازوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ آج ملک کے مختلف شہروں سے 17 پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 377 عازمین روانہ ہوں گے۔ پاکستان حج مشن کے مرکزی کنٹرول آفس کے تحت مختلف خدمات کی فراہمی بھی جاری ہے حج مشن کے مطابق عازمین کو رہنمائی، گمشدہ سامان کی بازیابی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے اب تک 6 عازمین، 37 ویل چیئرز اور 3 ہزار 700 بیگز تلاش کر کے ان کے مالکان تک پہنچائے ہیں، جبکہ حرم گائیڈز نے 13 ہزار سے زائد عازمین کو درست راستوں کی رہنمائی فراہم کی دوسری جانب حج میڈیکل مشن بھی سرگرم ہے اور اب تک 132 ڈینٹل پروسیجرز، 28 ایکسرے، 18 لیب ٹیسٹ، 8 الٹراساؤنڈ، 5 ای سی جی اور 5 ہزار او پی ڈی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔