بحیرۂ عمان میں بھارتی آئل ٹینکر پر مبینہ امریکی حملہ، بھارت کا شدید احتجاج

نئی دہلی (ویب ڈیسک) عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بحیرۂ عمان میں ایک بھارتی آئل ٹینکر کو امریکی فضائی کارروائی کا نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس کے بعد بھارت اور امریکہ کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کا کہنا ہے کہ مذکورہ آئل ٹینکر ایران سے تیل کی منتقلی کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی۔ امریکی حکام کے مطابق جہاز کے عملے کو متعدد بار ہدایات جاری کی گئیں، تاہم ان پر عمل نہ کیے جانے کے باعث امریکی طیارے نے ٹینکر کے انجن روم کو نشانہ بنایا۔

اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں عملے کے تین بھارتی ارکان لاپتا ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جہاز پر 28 افراد سوار تھے، جن میں سے 24 بھارتی شہری تھے، دوسری جانب بھارتی حکومت نے واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نئی دہلی میں امریکی مشن کے نائب سربراہ کو طلب کر لیا۔ بھارتی حکام نے آئل ٹینکر پر حملے کے خلاف باضابطہ اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر واقعے کی مکمل تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور بین الاقوامی بحری تجارت پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور آزاد ذرائع سے تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔