ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا بڑا بیان، قطر میں منجمد 6 ارب ڈالر کی واپسی کا دعویٰ

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے ابتدائی معاہدے کے تحت قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز واپس کیے جائیں گے، خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلام آباد یادداشتِ مفاہمت کی تمام شقیں ہمارے حق میں ہیں، اور ان مذاکرات اور بات چیت کی کامیابیاں جلد واضح ہو جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے اپنی حالیہ تقریر میں ہمیں کئی کاموں سے روکنے کی بات کی تھی، اب انہی امور کو ایرانی قوم کے حقوق تسلیم کر چکے ہیں، صدر پزشکیان نے کہا کہ قطر میں موجود ہمارے 6 ارب ڈالر ہمیں واپس مل جائیں گے، انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات سے سب سے زیادہ ناخوش وہی ہوں گے۔

ایرانی صدر کے مطابق امریکہ کا واحد مطالبہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں، یہ وہی بات ہے جو شہید رہبرِ انقلاب بارہا کہتے رہے کہ ہم ایٹمی بم نہیں چاہتے، انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا نے کہا اس بات کو تحریری شکل دیں اور دستخط کریں، اور ہم نے اس پر دستخط کر دیے، صدر پزشکیان نے یہ بات سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے اس مذہبی فتویٰ کے حوالے سے کہی جس میں ایٹمی ہتھیاروں کی مخالفت کی گئی تھی۔