اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد میں مجسٹریٹ کے اسٹاف کے نام پر تاجروں کے خلاف مبینہ غیر قانونی کارروائیوں کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جعلی اہلکار کو گرفتار کروا دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خفیہ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اسامہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، جو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کا نام استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث تھا، ڈپٹی کمشنر کے حکم پر ملزم اسامہ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص ضلعی انتظامیہ یا مجسٹریٹ کے نام پر ہراساں کرے یا غیر قانونی کارروائی کرے تو اس کی فوری اطلاع ضلعی انتظامیہ کو دی جائے، انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کے نام پر تاجروں اور شہریوں کو تنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے اندر بھی احتساب کا مؤثر نظام نافذ ہے اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران یا اہلکاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جاتی ہے۔

