انقرہ (ویب ڈیسک) برطانیہ اور ترکیہ نے نیٹو سربراہی اجلاس میں نئے سکیورٹی و دفاعی شراکت داری معاہدے پر دستخط کردیے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ اور ترکیہ نے نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر ایک نئے سکیورٹی اور دفاعی شراکت داری معاہدے پر دستخط کیے ہیں جسے دونوں ممالک کے مضبوط اسٹریٹجک تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیےکے مطابق یہ شراکت داری یورو اٹلانٹک خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دونوں یورپی نیٹو اتحادیوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
معاہدےکے تحت برطانیہ اور ترکیہ سکیورٹی اور دفاعی پالیسی کے سیاسی و عسکری پہلوؤں پر نئے مشاورتی نظام قائم کریں گے، تعاون کے اہم شعبوں میں دفاعی حکمت عملی، عسکری تعاون، دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، ہائبرڈ خطرات سے نمٹناشامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ برطانیہ اور ترکیہ یورو اٹلانٹک سکیورٹی میں منفرد اور ناگزیر کردار ادا کر رہے ہیں، دونوں ممالک نے نیٹو کے اندر مشترکہ ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں نبھانے، دفاعی اخراجات میں اضافہ کرنے اور اتحاد کو درکار دفاعی صلاحیتوں کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

