اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے لاٹے (Lotte)گروپ کی اندرونی تنظیمِ نو سے متعلق قبل از انضمام درخواست منظور کر لی۔
اس لین دین کے تحت جاپان کی لاٹے کمپنی لمیٹڈ سنگاپور میں قائم لاٹے کنفیکشنری (جنوب مشرقی ایشیا) میں حصص حاصل کرے گی، جبکہ اس کمپنی کے ذریعے پاکستان میں لاٹے کولسن اور لاٹے اختر بیوریجز میں بھی حصص موجود ہیں، جس کے باعث اس لین دین کے لیے سی سی پی کی پیشگی منظوری درکار تھی۔
سی سی پی نے مرحلہ اول کے جائزے کے بعد قرار دیا کہ یہ صرف لاٹے گروپ کے اندر ملکیت کی منتقلی ہے اور اس سے پاکستان میں خوراک اور مشروبات کی متعلقہ منڈیوں میں مسابقت، مارکیٹ شیئر یا مسابقتی ڈھانچے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
کمیشن کے مطابق حصص حاصل کرنے والی کمپنی پاکستان میں کنفیکشنری یا غذائی مصنوعات کے کاروبار میں سرگرم نہیں، اس لیے اس لین دین سے نہ مارکیٹ میں ارتکاز بڑھے گا اور نہ ہی کسی ادارے کی غالب حیثیت قائم یا مضبوط ہوگی۔
کمیشن نے پاستا، چیونگ گم، نمکین اسنیکس، میٹھے بسکٹ، کیکس اور مشروبات کی منڈیوں کا جائزہ لینے کے بعد اس لین دین کو مسابقتی ایکٹ 2010 کے تحت منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ اس سے مسابقت میں کوئی نمایاں کمی واقع نہیں ہوگی۔
سی سی پی کا کہنا ہے کہ ایسے کاروباری انضمامات اور تنظیمِ نو کے معاملات کی بروقت منظوری سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور کاروبار میں آسانی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مسابقتی منڈیوں کے تحفظ کو بھی یقینی بناتی ہے۔

