مظفرآباد (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے قافلے پر ٹائیں ڈھلکوٹ کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ان کے ایک سیکیورٹی گارڈ کے جاں بحق جبکہ دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ڈی آئی جی آزاد کشمیر راجہ اکمل نے تنویر الیاس کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک گارڈ جان کی بازی ہار گیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی راجہ اکمل کے مطابق واقعے کی وجوہات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

