اسلام آباد (سپیشل رپورٹر )نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نجکاری کے عمل میں مالیاتی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ معاہدے پر ایشیائی ترقیاتی بینک، پاکستان ریزیڈنٹ مشن کی کنٹری ڈائریکٹر مس ایما فین اور نجکاری کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شاہد دایو نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، سیکرٹری نجکاری کمیشن، سیکرٹری نجکاری ڈویژن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان ریزیڈنٹ مشن کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
معاہدے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نجکاری کے پورے عمل کے لیے تکنیکی، مالی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی امور پر مشتمل جامع مشاورتی خدمات فراہم کرے گا تاکہ لین دین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے شفاف، مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی نجکاری کے عمل کو فروغ ملے گا اور دنیا کے معروف ایئرپورٹ آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کارکردگی، آپریشنل استعداد اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

