اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان نے گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 16.2 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے، جن میں چین سے حاصل کی گئی 1.7 ارب ڈالر کی ری فنانسنگ بھی شامل ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حکومت غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کے مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام رہی، مالی سال کے دوران حکومت نے 19.92 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم وہ اس ہدف سے 3.72 ارب ڈالر کم حاصل کر سکی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پاکستان کو سب سے زیادہ قرض ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے موصول ہوا، جس کی مالیت 953.74 ملین ڈالر رہی، رپورٹ کے مطابق غیر ملکی فنانسنگ میں کمی کی وجہ سے حکومت کو بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے دیگر ذرائع پر انحصار کرنا پڑا, معاشی ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے مالی معاونت کا حصول پاکستان کی معاشی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

