یورپی ورک ویزوں کے نام پر €16,000 فراڈ، ایف آئی اے نے مبینہ انسانی سمگلر گرفتار کر لیا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے یورپی ممالک کے ورک ویزے دلوانے کے نام پر شہری سے 16 ہزار یورو مبینہ طور پر ہتھیانے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ، ایف آئی اے کے مطابق انکوائری نمبر 395/2024 کی تکمیل کے بعد کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر اور ایجنٹ سید بابر علی واجد کو گرفتار کیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کی مبینہ ملی بھگت سے شکایت کنندہ کو چار یورپی ورک پرمٹ دلوانے کا جھانسہ دیا اور کسی قانونی اختیار کے بغیر 16 ہزار یورو وصول کیے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ رقم وصول کرنے کے بعد ملزم نے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا اور روپوش ہو گیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 84/2025 تعزیرات پاکستان کی دفعات 420، 468، 471، 406 اور 109 کے علاوہ ایمیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18 اور 22 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔