احسن اقبال کا بلاول کو مشورہ، شکست تسلیم کریں اور سپورٹس مین اسپرٹ دکھائیں

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو شکست تسلیم کریں اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں ، وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طارق فضل چودھری کے ہمراہ آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور غیر جمہوری رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پیپلزپارٹی تھی اور دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی پنجاب میں کارکردگی، جسے دیکھتے ہوئے کشمیری عوام نے (ن) لیگ کو ووٹ دیا ، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رات 9 بجے تک پیپلزپارٹی کی جانب سے کسی قسم کی شکایت سامنے نہیں آئی، تاہم شکست کے بعد بوکھلاہٹ میں الزام تراشی شروع کر دی گئی، جو نہ صرف انتخابی عمل بلکہ ووٹرز کی بھی توہین ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان میں انتخابات جیت جائے تو وہ شفاف قرار پاتے ہیں، لیکن کشمیر میں شکست کے بعد انہیں دھاندلی زدہ قرار دینا تضاد پر مبنی سیاست ہے ، اُن کا بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کو ’بچگانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں بھی وہی جمہوری روایت اپنانی چاہیے تھی جو وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات کے بعد مخالفین کو مبارکباد دے کر قائم کی تھی۔

وفاقی وزیر نے بلاول بھٹو پر زور دیا کہ وہ سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی نتائج کو تسلیم کریں اور جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لیے الزام تراشی کے بجائے مثبت سیاست کو اختیار کریں ، دوران گفتگو احسن اقبال نے میرپور ڈویژن کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات مکمل طور پر منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انداز میں منعقد ہوئے اور عوام نے آزادانہ طور پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کی۔