اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایران نے دو افراد کو پھانسی دے دی

تہران (ویب ڈیسک) ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی اور حساس فوجی معلومات فراہم کرنے کے الزام میں دو افراد کو پھانسی دے دی ہے ، ایران کے عدالتی خبر رساں ادارے میزان کے مطابق پیر کو پھانسی پانے والے افراد کی شناخت امید بہزاد اور پوریا صفوت کے ناموں سے کی گئی ہے، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اسرائیل کو ایرانی فوجی اور سیکیورٹی مراکز کے مقامات، تصاویر اور دیگر حساس معلومات فراہم کیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں افراد پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے 28 فروری سے شروع ہونے والی جنگ اور گزشتہ موسمِ گرما میں ہونے والی مختصر جنگ کے دوران بھی اسرائیل کو اہم سیکیورٹی معلومات فراہم کیں، جن کی بنیاد پر ایرانی عسکری مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوجی حکمتِ عملی سے آگاہ ایک ذریعے نے مارچ میں بتایا تھا کہ امریکا اور اسرائیل نے حالیہ جنگ کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی چوکیوں کو زمینی ذرائع سے حاصل ہونے والی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نشانہ بنایا تھا۔

ایرانی حکام کی جانب سے ان دونوں افراد کے خلاف عدالتی کارروائی کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ اسرائیل کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔