اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیرِ اہتمام سیکٹر جی-13 میں یوم استحصال کشمیرکے کے موقع پر اظہارِ یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار اور مسئلۂ جموں و کشمیر کی تاریخی و انسانی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا ،واک میں ایف جی ایچ اے کے افسران، ملازمین اور مقامی شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، امن، انصاف اور وقار کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا، شرکاء کا تقریر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قوموں کی تاریخ میں بعض ایام محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں ہوتے بلکہ وہ نسلوں کی اجتماعی یادداشت کا حصہ بن جاتے ہیں، پانچ اگست بھی ایک ایسا ہی دن ہے، جس نے نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر کی سیاسی اور آئینی حیثیت کو متاثر کیا بلکہ جنوبی ایشیا کی سیاست، سفارت کاری اور امن کے امکانات پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔
واک کے دوران اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا، جب مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت میں تبدیلی کی گئی، اس پیش رفت کے بعد مسئلۂ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا اور خطے کے امن، استحکام اور سفارتی ماحول پر اس کے اثرات نمایاں ہوئے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلۂ جموں و کشمیر جنوبی ایشیا کے اہم ترین تنازعات میں سے ایک ہے، جس کا پائیدار اور پرامن حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قوانین، انصاف اور بامعنی مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس موقع پر کشمیری عوام کی استقامت، قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی یکجہتی کا اعادہ بھی کیا گیا۔
واک کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے انصاف، برداشت اور باہمی احترام کی اقدار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ، انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے ایسی کوششیں جاری رہیں گی جو خطے میں دیرپا امن اور عوام کی بہتر مستقبل کی راہ ہموار کریں۔

