پشاور (بیورو رپورٹ) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی ، ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یومِ استحصالِ کشمیر منا رہا ہے، دنیا بھر کے مسلمان کشمیری عوام کی آزادی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے لیے متحد ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور حالیہ علاقائی صورتحال میں بھی اس نے امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا، پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور جب بھی امن اور قومی مفاد کی بات آتی ہے تو پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں یکجا ہو جاتی ہیں ، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

