کیف (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملے کیے، جن میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد عمارتیں تباہ ہونے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے حملوں کے دوران 24 بیلسٹک میزائل، چار اینٹی شپ میزائل اور 115 ڈرون داغے، فضائی دفاعی نظام نے 98 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم متعدد میزائل اور ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔
حملوں میں رہائشی عمارتوں، ریلوے اسٹیشن، گوداموں اور دیگر شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کئی مقامات پر شدید آگ بھڑک اٹھی۔ متعدد رہائشی عمارتیں منہدم ہونے سے درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور فائر بریگیڈ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔
کیف کے میئر کے مطابق دارالحکومت میں 3 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے، جبکہ کیف کے گرد و نواح میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 29 زخمی ہوئے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد موجود ہو سکتے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ان حملوں کو رواں برس کیف پر ہونے والے مہلک ترین حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی نے حملوں کے بعد کہا کہ اگر اتحادی ممالک بروقت بیلسٹک میزائل روکنے والے انٹرسیپٹر فراہم کرتے تو کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں، انہوں نے نیٹو رکن ممالک کا نام لیے بغیر فضائی دفاعی نظام کی فراہمی میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث یوکرین کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ، یاد رہے کہ یوکرین کئی ماہ سے امریکا سے مزید پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ان کے انٹرسیپٹر میزائل فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں کیف اور اس کے اطراف موجود ایسے لاجسٹک مراکز اور سپلائی ڈپو کو نشانہ بنایا گیا جہاں ہتھیار، فوجی سازوسامان اور ڈرون محفوظ کیے جا رہے تھے، روس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بحیرہ اسود میں اوڈیسا کی بندرگاہ کے قریب تین کارگو جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر فوجی سامان لے جا رہے تھے۔
ادھر یوکرین نے بھی روسی علاقوں پر ڈرون حملے جاری رکھے۔ روس کے علاقے تولا کے گورنر کے مطابق ایک یوکرینی ڈرون ای کامرس کمپنی کے گودام سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور ایک شخص زخمی ہوگیا، تاہم کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

