‘اگر بھارت میری ماں ہے تو پاکستان میری ماسی ہے’. سنی دیول

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے پاکستان سے متعلق اپنے حالیہ بیان میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور جذباتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کا ایک فطری رشتہ ہے ، سنی دیول ان دنوں اپنی نئی فلم “بٹوارا (1947)” کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، جو تقسیمِ ہند کے دوران پیش آنے والے تاریخی واقعات پر مبنی ہے۔ یہ فلم 14 اگست 2026 کو پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم کی تشہیری تقریب کے دوران ایک صحافی نے سنی دیول سے سوال کیا کہ کیا فلم کی شوٹنگ پاکستان میں کی گئی؟ اور وہ پاکستان، وہاں کے ماحول اور عوام کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں سنی دیول نے کہا کہ فلم کی تمام شوٹنگ بھارت میں ہوئی ہے اور پاکستان میں کوئی منظر فلمایا نہیں گیا۔ تاہم انہوں نے اپنے والد کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “میرے والد کہا کرتے تھے کہ اگر بھارت میری ماں ہے تو پاکستان میری ماں کی بہن، یعنی میری ماسی ہے، اس لیے کسی نہ کسی شکل میں ہمارا ایک رشتہ ضرور ہے۔”

سنی دیول کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے، جہاں متعدد افراد نے ان کے مؤقف کو متوازن اور مثبت قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی امید کا اظہار کیا، جبکہ بعض صارفین نے اس بیان پر مختلف آرا بھی پیش کیں۔