Iftekhar Gilani and Mukhtar abbasi in Race CapitalNewsPoint.Com

آزاد کشمیر میں نئے وزیراعظم کا انتخاب آج، بیرسٹر افتخار گیلانی اور مختیار عباسی آمنے سامنے

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج کچھ دیر بعد شروع ہوگا، جس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کا عمل ووٹنگ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، 53 رکنی اسمبلی میں پونچھ کی 7 نشستوں پر انتخابات نہ ہونے کے باعث یہ نشستیں تاحال خالی ہیں، جبکہ وزیراعظم کے انتخاب میں 46 ارکان ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔

وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی میدان میں موجود ہیں، جنہیں مسلم لیگ (ن) کے 32 ارکان میں سے 29 کی حمایت حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے بطور احتجاج وزیراعظم کے انتخاب میں ووٹ نہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔ اسپیکر چوہدری طارق فاروق بھی وزیراعظم کے انتخاب میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے مختیار عباسی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں اور انہیں 14 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کا امکان ہے۔ یوں وزیراعظم کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے متوقع 29 اور پیپلز پارٹی کے 14 ووٹ عددی اعتبار سے انتہائی اہم ہوگئے ہیں۔

آزاد کشمیر اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آج ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں واضح ہوجائے گا کہ بیرسٹر افتخار گیلانی وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہیں یا اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے میدان میں موجود امیدوار کوئی بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔

وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے باعث آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال انتہائی اہم ہوگئی ہے اور تمام نظریں اسمبلی اجلاس اور ووٹنگ کے نتائج پر مرکوز ہیں۔ نئے وزیراعظم کے انتخاب کے ساتھ ہی آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا مرحلہ بھی مکمل ہونے کی جانب بڑھ جائے گا۔