بشکیک (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں پاک ایران باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان پہنچے، جہاں کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین عادل بیک قاسمالیف نے ان کا استقبال کیا ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف یکم ستمبر کو ایس سی او سربراہ اجلاس سے خطاب میں علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ وہ ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف 2 ستمبر کو کرغزستان کا سرکاری دورہ بھی کریں گے، جہاں صدر صادیر جاپاروف سے ملاقات میں پاک کرغز تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی ، واضح رہے کہ ایس سی او سربراہ اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت روس، چین اور ایران کے صدور بھی شریک ہوں گے، جبکہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم اس ہفتے بشکیک میں ایک ہی مقام پر موجود ہوں گے ، وفاقی وزرا جام کمال خان، عبدالعلیم خان اور عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

