Sarhad University Incident capitalnewspoint.com

سرحد یونیورسٹی واقعہ, تاحال کسی طالب علم یا سٹاف کو فارغ نہیں کیا گیا، 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

اسلام آباد(احسان بخاری/ سپیشل رپورٹر ) سرحد یونیورسٹی روات چوک پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے کیپیٹل نیوز پوائنٹ کی تحقیقات کے مطابق تاحال کسی بھی طالب علم اور سٹاف کو یونیورسٹی سے فارغ نہیں کیا گیا ، انتظامیہ کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے چھ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ یونیورسٹی انتظامیہ کو پیش کرے گی۔

یاد رہے کہ طلبہ کے احتجاج کے دوران ایک خاتون پر مبینہ طور پر تشدد اور فائرنگ کے واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی ، خاتون کے شوہر اسفندیار کے موقع پر پہنچنے کے بعد مبینہ ہوائی فائرنگ اور مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں طلبہ اور فوجی افسر کے درمیان معاملہ مزید بڑھ گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔

بعد ازاں وفاقی پولیس کی جانب سے طلبہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون اور انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی، جس پر طلبہ نے احتجاج ختم کردیا ، یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد حقائق کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔