Sajjad Haider Khan Capitalnewspoint.com

سجاد حیدر خان دفتر خارجہ کے نئے ترجمان مقرر، طاہر حسین اندرابی کی اقوام متحدہ میں تعیناتی کا امکان

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سجاد حیدر خان کو دفتر خارجہ کا نیا ترجمان مقرر کردیا گیا ہے، وہ موجودہ ترجمان طاہر حسین اندرابی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے ، ذرائع کے مطابق طاہر حسین اندرابی کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل نمائندہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد وہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن کی نمائندگی کریں گے۔

سجاد حیدر خان اس وقت دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا کے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ جرمنی سمیت مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

سجاد حیدر خان کو سفارتی امور، علاقائی معاملات اور بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وہ پاکستان کی خارجہ پالیسی، علاقائی صورتحال اور اہم سفارتی معاملات پر حکومت کا مؤقف میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔

دوسری جانب طاہر حسین اندرابی کی ممکنہ طور پر اقوام متحدہ میں تعیناتی کو بھی اہم سفارتی ذمہ داری قرار دیا جارہا ہے، وہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن کے ذریعے اقوام متحدہ سے متعلق اہم امور پر ملک کی نمائندگی کریں گے ، دفتر خارجہ میں ترجمان کی تبدیلی کو اہم سفارتی ذمہ داریوں میں نئی تعیناتیوں کا حصہ قرار دیا جارہا ہے، جس کے تحت تجربہ کار سفارتکاروں کو مختلف اہم ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں۔