بشکیک (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغز ستان کے دارالحکومت بشکیک میں آتا بیئت (Ata Beyit) میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معروف کرغز اور سوویت ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ، آتا بیئت میموریل کمپلیکس پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال کرغزستان کے فرسٹ نائب وزیراعظم دانیار امان گیلدیئیئف اور وزیر ثقافت، اطلاعات و نوجوانوں میر بیک مامبیتالیئیف نے کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چنگیز ایتماتوف کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور معروف ادیب کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ، اس موقع پر وزیراعظم نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس میں قائم یادگار پر بھی پھولوں کی چادر چڑھائی اور وہاں مدفون افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آتا بیئت میموریل کمپلیکس کرغستان کا ایک اہم قومی، تاریخی اور یادگاری مقام ہے، جہاں متعدد معروف شخصیات مدفون ہیں، ’’آتا بیئت‘‘ کے معنی ’’ہمارے آباؤ اجداد کی قبر‘‘ کے ہیں ، چنگیز ایتماتوف کرغستان اور سابق سوویت یونین کے معروف ادیبوں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی ادبی خدمات کو عالمی سطح پر بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، وزیراعظم کا آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

