اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لندن کے لیے اپنے فضائی آپریشن میں توسیع کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد 27 اکتوبر سے پاکستان سے لندن کے لیے روزانہ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی ، ترجمان پی آئی اے کے مطابق لندن روٹ پر ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھا کر 7 کردی جائے گی، ان میں 5 پروازیں اسلام آباد اور 2 پروازیں لاہور اور لندن کے درمیان آپریٹ ہوں گی۔
ترجمان کے مطابق اس وقت پی آئی اے لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلا رہا ہے، تاہم مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب اور قومی ایئرلائن پر اعتماد میں اضافے کے باعث پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن کے لیے فضائی آپریشن میں توسیع مسافروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور روٹ پر موجود طلب کا مظہر ہے ، پروازوں میں اضافے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطے میں مزید بہتری آنے اور مسافروں کو سفری سہولیات میں اضافے کی توقع ہے۔

