bilawal bhutto ajk electon capitalnewspoint.com

بلاول بھٹو کی آسٹریا کی شہزادی سے مبینہ منگنی کی افواہیں مسترد، سیاسی خاندانوں کی غیر ملکی شادیوں کا بھی چرچا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آسٹریا کی شہزادی سے مبینہ منگنی اور شادی کی خبریں گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، تاہم بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ویڈیو پیغام میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی منگنی یا شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی شادی یا منگنی سے متعلق خبریں اصل ایشو سے توجہ ہٹانے کے لیے سامنے لائی گئی ہیں، ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر جاری افواہوں کے حوالے سے ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے ، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بعض اہم سیاسی رہنماؤں اور حکمرانوں کی غیر ملکی یا غیر مسلم خواتین سے شادیوں کے حوالے بھی ملتے ہیں، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی دوسری شادی رتی جناح سے ہوئی، جنہوں نے بعد ازاں اسلام قبول کیا اور ان کا اسلامی نام مریم رکھا گیا۔

پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی دوسری شادی شیلا ارنے پنٹ سے ہوئی، جنہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد رعنا لیاقت علی خان کا نام اختیار کیا، سابق وزیراعظم حسین شہید سہروردی کی دوسری شادی روسی نژاد اداکارہ ویرا الیگزینڈرا سے ہوئی، جبکہ سابق وزیراعظم محمد علی بوگرہ نے اپنی سیکرٹری عالیہ سدیدی سے شادی کی، جو لبنانی نژاد تھیں۔

سابق وزیراعظم فیروز خان نون کی شادی آسٹریا کی خاتون وکٹوریہ سے ہوئی، جنہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد وقارالنسا نون کا نام اختیار کیا، سابق صدر اسکندر مرزا کی دوسری شادی ایرانی خاتون ناہید سے ہوئی ، اسی طرح سابق صدر ذوالفقار علی بھٹو کی دوسری شادی ایرانی نژاد نصرت اصفہانی سے ہوئی، نواب آف بہاولپور صادق محمد خان عباسی کی شادی برطانوی خاتون لنڈا سائس سے ہوئی، جنہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد جمیلہ کا نام اختیار کیا۔

ذوالفقار علی بھٹو کے بڑے صاحبزادے میر مرتضیٰ بھٹو کی پہلی شادی افغان خاتون فوزیہ سے جبکہ دوسری شادی لبنانی خاتون غنویٰ سے ہوئی، ان کے دوسرے صاحبزادے میر شاہنواز بھٹو کی شادی بھی افغان خاتون ریحانہ سے ہوئی، مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو کی شادی امریکی شہری گراہم سے ہوئی، جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی شادی برطانوی خاتون جمائما گولڈ اسمتھ سے ہوئی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری سے متعلق حالیہ افواہوں کے تناظر میں سوشل میڈیا پر پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہونے والی ایسی شادیوں کا بھی تذکرہ کیا جا رہا ہے، تاہم بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپنی منگنی یا شادی کی خبروں کو واضح طور پر مسترد کیا گیا ہے، جس کے بعد ان افواہوں کی صداقت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔