قاہرہ (ویب ڈیسک) مصر کی ایک عدالت نے منشیات کے مقدمے میں معروف ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو سزائے موت سنا دی ، غیر ملکی میڈیا کے مطابق 39 سالہ سارہ خلیفہ اور دیگر ملزمان پر منظم مجرمانہ گروہ تشکیل دینے، منشیات کی تیاری کے لیے خام مال حاصل کرنے، اسمگلنگ کے مقصد سے منشیات تیار کرنے اور غیر قانونی اسلحہ و گولہ بارود رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
عدالت نے سزائے موت کا فیصلہ مصری قانون کے تحت ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سنایا۔ سزائے موت کے مقدمات میں معمول کے مطابق مفتی اعظم مصر سے شرعی رائے بھی حاصل کی گئی، تاہم عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا قانونی حق موجود ہے۔
مصری میڈیا کے مطابق کارروائی کے دوران حکام نے 750 کلوگرام سے زائد منشیات اور مختلف اقسام کا خام مال قبضے میں لیا۔ حکام نے دو اپارٹمنٹس بھی تحویل میں لیے جنہیں مبینہ طور پر منشیات کی تیاری کے لیے لیبارٹریز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق کارروائی میں غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ مقدمے میں ملزمان کے خلاف منشیات سے متعلق دیگر سنگین الزامات بھی شامل تھے ، عدالت نے سارہ خلیفہ اور دیگر ملزمان کو ایک الگ مقدمے میں بھی سزا سنائی، جس میں ایک نوجوان کے مبینہ اغوا اور اس پر حملے کے الزام میں انہیں پانچ سال قید کی سزا دی گئی ہے۔

