یومِ دفاع و شہدا، آئی ایس پی آر نے قومی نغمہ ’’منزل پاکستان‘‘ جاری کردیا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ولولہ انگیز قومی نغمہ ’’منزل پاکستان‘‘ جاری کردیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق نغمہ قوم کے فولادی عزم، ثابت قدمی اور قومی حوصلے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے، جبکہ اس میں وطن عزیز کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے جاری کیے گئے نغمے میں مسلح افواج اور عوام کے درمیان موجود اٹوٹ رشتے کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، نغمہ قومی یکجہتی، حب الوطنی اور وطن کے لیے بے لوث جذبے کی ترجمانی کرتا ہے۔

’’منزل پاکستان‘‘ میں ہر شہری کو اپنے عہد پر ثابت قدم رہنے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کو اپنا اولین مقصد بنانے کا پیغام دیا گیا ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق قومی نغمہ مادرِ وطن سے بے لوث محبت، جانثاری، ایثار اور وفاداری کے جذبات کو اجاگر کرتا ہے اور شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے قوم کو متحد رہنے کا پیغام دیتا ہے۔

یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر جاری ہونے والا یہ نغمہ قومی جذبے کو اجاگر کرنے اور نئی نسل میں وطن سے محبت اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔