راولپنڈی (احسان بخاری / سپیشل رپورٹر) آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ آفیسرز سے ملاقات کی، دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر ادارہ جاتی ہم آہنگی اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا.

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری سمیت بے لوث عزم اور اعلیٰ معیار کے مظاہرے کو سراہا، انہوں نے مستحکم امن اور پائیدار اقتصادی سرگرمیوں و ترقی کے لئے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی خاطر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا، فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی نقطہ ہے.
انہوں نے زور دیا کہ ایک مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے کے عوام کے لیے ترقیاتی اقدامات، اقتصادی مواقع اور بہتر امکانات کی راہ ہموار کرتا رہے گا، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور فرائض کی ادائیگی میں افسران اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم و لگن کی تعریف کی، قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا.

