لاہور (بیورو رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے متعلق گفتگو کو سوشل میڈیا پر منفی انداز میں پیش کرنا افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے ، سماجی رابطے کی ویت سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے دہشت گردوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت اور اس سے لاحق خطرات کے حوالے سے بات کی تھی، تاہم سیاسی حاسدین نے دانستہ طور پر گفتگو کے تناظر کو مسخ کرکے اسے صوبائیت اور لسانیت کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف تمام صوبوں اور ان میں بسنے والی تمام اقوام کا ہمیشہ احترام کرتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے معاملے کو صوبائیت سے جوڑنا انتہائی گھٹیا اور افسوسناک عمل ہے، مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ایسے عناصر سیاسی نمبر سکورنگ کے لیے قوم میں تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں جب کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو متنازع بنانے کی کوشش قابلِ مذمت ہے۔

