لاہور (ویب ڈیسک) اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی جانب سے اپنے اور اپنی بہن کے بارے میں کیے گئے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ، ثاقب چدھڑ کا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کیا، اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کا انٹرویو کرنے والی میزبان کے ولیمے کی ویڈیو بھی اپنی اسٹوری پر شیئر کی۔
مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ پوڈکاسٹ اپنی دوست کے ساتھ کیا گیا اور مبینہ جعلی ثبوت بھی اسی کو دکھائے گئے، جبکہ ان ثبوتوں کی تصدیق بھی اسی دوست سے کروائی گئی۔
اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ معاملہ عوامی سطح پر لے کر آرہے ہیں تو مبینہ ثبوت بھی عوام کے سامنے کیمرے پر پیش کیے جانے چاہئیں تاکہ عوام خود فیصلہ کرسکے کہ دعوے سچ ہیں یا جھوٹ۔
مومنہ اقبال نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے معاملے کے حوالے سے پابند کیا گیا ہے، ورنہ وہ مبینہ وائس نوٹس اور اپنی اہلیہ کی جانب سے موصول ہونے والی ریکارڈڈ فون کالز بھی منظرِ عام پر لے آتیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کے مطابق تقریباً 50 سیکنڈز کا ایک مختصر وائس نوٹ ہی ان کے بقول کیے گئے دعووں کی حقیقت واضح کرنے کے لیے کافی تھا، مومنہ اقبال نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ ثاقب چدھڑ جو چاہیں کررہے ہیں، تاہم انہیں اللہ پر بھروسا ہے۔
مومنہ کے شوہر حمزہ کا ثاقب چدھڑ پر الزام:
دوسری جانب مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ایک سنگین دعویٰ کیا ہے ، حمزہ حبیب نے الزام عائد کیا کہ لوگوں کو اپنے حق میں کرنے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد اب انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے کے لیے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ فریقین کی جانب سے سامنے آنے والے یہ دعوے اور الزامات اپنی اپنی جگہ موجود ہیں، تاہم ان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ معاملے کی مزید تفصیلات اور متعلقہ اداروں کا مؤقف سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوسکتی ہے۔

