اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) نے کمرشل پلاٹس کی آئندہ نیلامی کے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے ، اس سلسلے میں آکشن منیجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 15 اور 16 ستمبر 2026 کو ہونے والی نیلامی کی تیاریوں، انتظامی امور اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران گزشتہ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت بھی زیرِ غور آئی جبکہ نیلامی کو شفاف، منظم اور کامیاب بنانے کے لیے باقی ماندہ انتظامات مکمل کرنے پر توجہ دی گئی ، سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے رجحان کو بھی اجلاس میں مدنظر رکھا گیا۔
FGEHA کے مطابق دو روزہ نیلامی میں اسلام آباد کے تیزی سے ترقی کرنے والے سیکٹرز G-13 اور G-14 میں واقع مختلف کمرشل پلاٹس پیش کیے جائیں گے۔ نیلامی دونوں روز صبح 10 بجے شروع ہوگی اور اس کا انعقاد گرینڈ مارکی انکلیو، مارگلہ روڈ، E-11، اسلام آباد میں کیا جائے گا۔
سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردعمل :
اتھارٹی کے مطابق کمرشل پلاٹس کی نیلامی میں سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور ڈویلپرز کی جانب سے نمایاں دلچسپی سامنے آ رہی ہے۔ G-13 اور G-14 میں آبادی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے باعث ان سیکٹرز کو کمرشل سرمایہ کاری کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
FGEHA کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کمرشل پلاٹس کاروبار شروع کرنے، موجودہ کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے خواہش مند افراد کے لیے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اتھارٹی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے آسان اقساط اور یکمشت ادائیگی کی صورت میں 10 فیصد رعایت سمیت مختلف سہولیات بھی رکھی ہیں۔
G-14 میں اہم کمرشل پلاٹس :
نیلامی میں G-14 کے مختلف اہم مقامات پر موجود کمرشل پلاٹس شامل ہوں گے۔ ان میں G-14 مرکز جبکہ G-14/2، G-14/3 اور G-14/4 کے کمرشل شاپنگ سینٹرز کے پلاٹس بھی شامل ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق یہ مقامات مستقبل میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم حیثیت رکھتے ہیں۔
G-13 میں مختلف نوعیت کے پلاٹس :
G-13 میں بھی مختلف کیٹیگریز کے کمرشل پلاٹس نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے، جن میں کلاس III اور ماڈرن کارپوریٹ/آفس پلاٹس شامل ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور کاروباری سرگرمیوں کے باعث G-13 کو بھی کمرشل سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم زون قرار دیا جا رہا ہے۔
سرمایہ کاروں کے لیے ادائیگی کی سہولت :
FGEHA کی جانب سے نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کو ادائیگی کے حوالے سے مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ان میں:
واجب الادا رقم دو سال کی آسان اقساط میں ادا کرنے کی سہولت۔
یکمشت ادائیگی کی صورت میں 10 فیصد رعایت۔
25 فیصد ابتدائی ادائیگی کے بعد بقیہ رقم اقساط میں ادا کرنے کا آپشن۔
میٹرو اور اہم شاہراہوں سے بہتر رابطہ۔
موٹروے M-1 اور M-2 سے تقریباً 8 کلومیٹر کا فاصلہ۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کی مسافت۔
ملک بھر کے سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت
FGEHA نے اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، ڈویلپرز اور کمرشل پراپرٹی میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو نیلامی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق G-13 اور G-14 میں کمرشل پلاٹس کی پیشکش سرمایہ کاروں کو اسلام آباد کے اہم اور ترقی پذیر علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کا حصہ بننے کا موقع فراہم کرے گی۔ بہتر لوکیشن، اہم شاہراہوں تک رسائی اور آسان ادائیگی کے آپشنز کے باعث نیلامی میں شامل پلاٹس کو سرمایہ کاری کے لیے قابلِ توجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

