اوزون کا تحفظ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے . مریم نواز

لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اوزون کی تہہ کا تحفظ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور بہتر مستقبل یقینی بنانے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے ، عالمی یومِ تحفظِ اوزون کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ اوزون کی تہہ سورج سے آنے والی نقصان دہ شعاعوں کے خلاف زمین کے لیے قدرتی حفاظتی حصار کا کردار ادا کرتی ہے۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے اوزون اور ماحول کے تحفظ سے متعلق اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماحول کی حفاظت صرف اجتماعی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مثبت اور نیک عمل بھی ہے ، ان کے مطابق پنجاب میں پہلی مرتبہ گرین فیوچر کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع ماحولیاتی پالیسی پر عملدرآمد شروع کیا گیا ہے اور حکومت ’کلین اینڈ گرین پنجاب‘ کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ شجرکاری، سموگ میں کمی اور گرین انرجی کا فروغ پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں 50 ہزار ایکڑ رقبے پر شجرکاری کی گئی جبکہ مجموعی طور پر 5 کروڑ درخت لگائے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کلین انرجی کے منصوبوں کے تحت پنجاب کے اضلاع اور تحصیلوں میں گرین الیکٹرک بس سروس کے آغاز کی جانب پیش رفت جاری ہے۔

طلبہ، خواتین اور عام شہریوں کے لیے الیکٹرک بائیکس کی فراہمی بھی اسی ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ گرین ٹیکسی پروگرام کے ذریعے ماحول دوست سفری سہولیات متعارف کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ اڑھائی برس کے دوران ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں متعدد ایسے اقدامات کیے گئے جن کی مثال کئی دہائیوں میں نہیں ملتی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو ایک سرسبز اور صاف صوبے میں تبدیل کرنے کا سفر جاری ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو آگے بڑھایا جائے گا ، انہوں نے عوام خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اختیار کریں، شجرکاری کو فروغ دیں اور اوزون سمیت قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔