اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر پبلک سکیورٹی گاو چی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات سمیت انسداد دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی , ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پولیس ٹریننگ کے تبادلے کے پروگرام کو مزید وسعت دینے اور جدید ٹیکنالوجی و سکیورٹی آلات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
چینی نائب وزیر پبلک سکیورٹی نے پاکستان میں جدید طرز کے لا انفورسمنٹ سنٹر کے قیام میں تعاون کے لیے بھی آمادگی ظاہر کی, اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی ، گاو چی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن و سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں جدید لا انفورسمنٹ سنٹر کا قیام پاک چین دوستی اور سکیورٹی تعاون کی ایک اور نمایاں علامت بن سکتا ہے ، وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چینی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور جدید آلات پاکستان کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان داخلی سلامتی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔

