اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف اسکیم کو ملک بھر میں شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول سبسڈی پر نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کا نواں اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد میں پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد فیول ریلیف اسکیم کو ملک گیر سطح پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فیول ریلیف اسکیم میں موٹرسائیکل، رکشے اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں شامل ہوں گی، جبکہ لوڈرز اور پک اَپس بھی اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے ، حکام کے مطابق اسکیم کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی، ملک بھر میں فیول ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جبکہ شہری ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر رجسٹریشن کراسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق فیول ٹوکنز کے ذریعے پٹرول حاصل کرنے کا عمل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شروع ہوگا ، اسحاق ڈار نے پٹرول پمپس کو ادائیگیاں 24 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پٹرول پمپس کو ادائیگیاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے کی جائیں گی ، اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو ضلعی سطح پر عوامی آگاہی مہم مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، اسحاق ڈار نے کہا کہ فیول ریلیف اسکیم کا فائدہ مستحق افراد تک بلا رکاوٹ پہنچایا جائے۔

