اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور تعریفی اسناد سے نوازا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی محمد سہیل چوہدری نے افسران کی پیشہ ورانہ خدمات، فرض شناسی اور ذمہ دارانہ کارکردگی کو سراہا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے والے افسران پولیس فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کو سراہنے سے نہ صرف متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ دیگر اہلکار بھی بہتر خدمات انجام دینے اور اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی ترغیب حاصل کرتے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں مؤثر پولیس سروسز فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ، شہریوں کو بروقت، معیاری اور مؤثر سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض مکمل لگن، دیانت داری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں ، آئی جی نے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آنے اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس سروس ڈلیوری کو بہتر بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے خدمت کے جذبے کو مقدم رکھا جائے ، آئی جی اسلام آباد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی محنت، جذبے اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

